بی ایس او شال زون کے آرگنائزر یونس بلوچ کی جبری گمشدگی تشویشناک ہے، فوری بازیابی کا مطالبہ کرتے ہیں ۔ بی ایس او

‎ ‎‎ترجمان بی ایس او نے بیان میں کہا ہے کہ گزشتہ شب 12 بجے کے قریب شال زون کے آرگنائزر یونس بلوچ کو سکیورٹی فورسز نے ان کے گھر کوئٹہ سے بنا کسی وارنٹ گرفتاری کے جبری گمشدگی کا نشانہ بنایا ہے اور تاحال ہمیں ان کی سلامتی کے متعلق کوئی آگاہی فراہم نہیں کی گئی، یونس بلوچ کی جبری گمشدگی کو  ملکی و بین الاقوامی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی  اور طاقت کے زور پر جمہوری آوازوں کو دبانے کی سازش کا تسلسل سمجھتے ہیں۔ بی ایس او ساتھی رہنما کی جبری گمشدگی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے اور یہ مطالبہ کرتی ہے کہ یونس بلوچ کی باحفاظت بازیابی کو فوری طور پر یقینی بنایا جائے ۔

‎‎ترجمان نے کہا کہ ملک کے طول و عرض میں سماجی، سیاسی و معاشی بحرانوں کے نتیجے میں اٹھنے والی عوامی بغاوتوں کے خلاف منظم ریاستی حملوں کے تسلسل میں سیاسی و سماجی کارکنوں کو جھوٹے مقدمات کا اندراج، غیر قانونی حراست، فورتھ شیڈول میں ڈالے جانے اور جبری گمشدگی جیسے وحشتناک ہتھکنڈوں سے انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنایا جارہا ہے جو کہ انسانی حقوق، اظہار رائے کی آزادی اور انسانی وقار کی صریحاً خلاف ورزی ہے ۔ بی ایس او جمہوری سیاسی عمل پر منظم حملوں کی شدید مذمت کرتی ہے اور ملک بھر محکوم قوموں، مظلوم طبقات اور بالخصوص طلبہ سے اپیل کرتی ہے کہ وہ اس ریاستی جبر کے خلاف متحد ہوں اور اپنے سیاسی و جمہوری حقوق کی دفاع میں صف آراء ہوں۔

‎‎بی ایس او ترقی پسند سیاسی جماعتوں، طلبہ تنظیموں، وکلاء برادری، صحافی حضرات، انسانی حقوق کے کارکنوں اور سماجی رہنماؤں سے اپیل کرتی ہے کہ یونس بلوچ کی باحفاظت بازیابی کیلئے بھرپور آواز اٹھائیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *