خضدار ڈیجیٹل لائبریری صرف ایک عمارت نہیں، بلکہ محنت کش عوام، غریب طلبہ اور علم کے متلاشی نوجوانوں کی مشترکہ امانت ہے۔ عوامی وسائل کو نجی مفادات کے تابع کرنے کی ہر کوشش کی ہم بھرپور مخالفت کرتے ہیں۔
بلوچستان پہلے ہی تعلیمی سہولیات، شرحِ خواندگی اور اعلیٰ تعلیمی مواقع کے حوالے سے متعدد چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے۔ ایسے حالات میں لائبریری جیسے عوامی علمی مراکز تک طلبہ کی رسائی محدود کرنا یا ان کے بنیادی مقصد کو متاثر کرنا نہ صرف طلبہ کے مستقبل کے لیے نقصان دہ ہے بلکہ پوری بلوچ قوم کے علمی سرمائے کو کمزور کرنے کے مترادف ہے۔خضدار جوکہ بلوچستان کی
بڑی شہروں میں شمار ہوتی ہے اور یہاں دور دراز علاقوں سے طلبا و طالبات آکے تعلیم حاصل کرتے ہیں۔ یہ تمام سٹوڈنٹس اپنی رہائش و تعلیمی اخراجات خود پورے کرتے ہیں۔ ڈیجیٹل لائبریری جوکہ سٹوڈنٹس کے لئے درسگاہ ہے جہاں سے ہزاروں سٹوڈنٹس مستفید ہوچکے ہیں اور سینکڑوں طلبہ و طالبات زیر تعلیم ہیں، جوکہ مختلف کورسز کے لئے تیاری کررہے ہیں۔
بی ایس او وڈھ زون اس مؤقف کا اعادہ کرتی ہے کہ تعلیم کوئی خرید و فروخت کی شے نہیں بلکہ ہر طالب علم کا بنیادی حق ہے۔ عوامی لائبریریوں کو ان کے اصل مقصد، یعنی علم کی ترویج اور طلبہ کی فکری و تعلیمی نشوونما کے لیے محفوظ رکھا جانا چاہیے۔
ہم خضدار کے طلبہ، اساتذہ، اہلِ قلم اور باشعور شہریوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ عوامی تعلیمی اداروں کے تحفظ کے لیے متحد ہوں۔ آج خضدار ڈیجیٹل لائبریری کا دفاع دراصل علم، شعور اور آنے والی نسلوں کے حقِ تعلیم کا دفاع ہے۔عوامی لائبریری عوام کی امانت ہے، اور اس کا تحفظ ہماری مشترکہ قومی و سماجی ذمہ داری ہے.



