‎لسبیلہ یونیورسٹی وڈھ کیمپس میں بڑھتے ہوئے مسائل، تین سال سے اسکالرشپس کی بندش، انتظامی غفلت اور مبینہ کرپشن ناقابلِ برداشت ہے۔ بی ایس او وڈھ زون

‎‎بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن وڈھ زون لسبیلہ یونیورسٹی وڈھ کیمپس میں طلبہ اور ملازمین کو درپیش سنگین مسائل، انتظامی غفلت، اسکالرشپس کی بندش اور ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ کرپشن کی شدید مذمت کرتی ہے۔‎‎کیمپس میں موجود پانچ اسکالرشپس میں سے چائنیز، میرٹ اور احساس اسکالرشپس گزشتہ تین سال سے بند ہیں، جس کے باعث مستحق طلبہ شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں۔ خصوصاً میرٹ پر منتخب طلبہ تاحال اپنی اسکالرشپ سے محروم ہیں۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ تمام اسکالرشپس فوری بحال کرکے گزشتہ تین سال کی واجب الادا رقوم ادا کی جائیں۔

‎‎دوسری جانب فیکلٹی ممبران اور دیگر ملازمین کے جائز مسائل مسلسل نظرانداز کیے جا رہے ہیں۔ طلبہ آج بھی معیاری لائبریری، بہتر کلاس رومز اور بنیادی تعلیمی سہولیات سے محروم ہیں۔ شعبہ ایگریکلچر کے پریکٹیکل ایک سال سے بند ہیں اور لیبارٹری میں ضروری آلات موجود نہیں۔ اپنے حقوق کے لیے آواز اٹھانے والے طلبہ کو مبینہ دباؤ اور ہراسانی کا سامنا بھی کرنا پڑ رہا ہے۔

‎‎آخری سال کے طلبہ کے تعلیمی دورے دو سال سے نہیں کروائے گئے، ہاسٹل کا سولر سسٹم تاحال فعال نہیں اور نو سال گزرنے کے باوجود وڈھ و گردونواح کے طلبہ ٹرانسپورٹ جیسی بنیادی سہولت سے محروم ہیں۔‎‎مزید تشویشناک امر یہ ہے کہ آئی ٹی لیب کی مرمت و بحالی کے لیے تقریباً تین کروڑ روپے سے زائد کے فنڈز مختص ہونے کے باوجود کوئی نمایاں کام نظر نہیں آتا۔ ہم اس منصوبے کے فنڈز کے استعمال کی مکمل اور شفاف تحقیقات اور مالی بدعنوانی ثابت ہونے کی صورت میں ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔

‎‎بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن وڈھ زون یونیورسٹی انتظامیہ سے مطالبہ کرتی ہے کہ:‎‎1. چائنیز، میرٹ اور احساس اسکالرشپس فوری بحال کرکے تین سال کی واجب الادا رقوم ادا کی جائیں۔

‎2. فیکلٹی ممبران اور ملازمین کے جائز مسائل حل کیے جائیں۔‎3. ایگریکلچر کے پریکٹیکل بحال اور لیبارٹری کو ضروری آلات فراہم کیے جائیں۔‎4. طلبہ کے لیے لائبریری، بہتر کلاس رومز اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں۔‎5. آخری سال کے طلبہ کے تعلیمی دوروں کا انتظام کیا جائے۔‎6. ہاسٹل کا سولر سسٹم فعال اور وڈھ کے طلبہ کے لیے ٹرانسپورٹ شروع کی جائے۔‎7. آئی ٹی لیب کے فنڈز کے استعمال کی شفاف تحقیقات کی جائیں اور طلبہ کو مبینہ ہراسانی و دباؤ سے تحفظ فراہم کیا جائے۔

‎‎بی ایس او وڈھ زون واضح کرتی ہے کہ یونیورسٹیاں تعلیم، تحقیق اور طلبہ کے روشن مستقبل کے مراکز ہوتی ہیں، نہ کہ انتظامی نااہلی اور کرپشن کے۔ انتظامیہ مزید وعدوں اور تاخیری حربوں کے بجائے فوری عملی اقدامات کرے۔‎‎بصورتِ دیگر بی ایس او وڈھ زون طلبہ اور ملازمین کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرکے اپنے جائز حقوق کے لیے بھرپور احتجاجی تحریک چلائے گی، جس کی تمام تر ذمہ داری یونیورسٹی انتظامیہ پر عائد ہوگی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *