بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے مرکزی ترجمان نے بیان میں کہا ہے کہ ملک کے طول و عرض میں جبری گمشدگیوں اور اغواء نما گرفتاریوں میں بے تحاشہ اضافہ ملکی و بین الاقوامی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی ہے، جمو و کشمیر نیشنل اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکریٹری مجیب اکبر جمہوری سیاسی عمل کے الم برادر ہیں ان کی اغواء نما گرفتاری کی بھرپور مذمت کرتے ہیں نیز مطالبہ کرتے ہیں کہ ان سمیت تمام لاپتہ افراد کو باحفاظت بازیاب کیا جائے ۔
ترجمان نے کہا کہ خطے میں ریاستی جارحیت اور طاقت کے استعمال میں غیر معمولی اضافہ سنگین نوعیت اختیار کر چکی ہے، سیاسی عمل پر غیر اعلانیہ قدغن جمہوری روایات کی بیخ کُنی کے مترادف ہے۔ بی ایس او طاقت کے زور پر جمہوری آوازوں کو دبانے کی سازش کو مسترد کرتی ہے اور تمام سیاسی جماعتوں، طلبہ تنظیموں، سول سوسائٹیز سے اپیل کرتی ہے کہ ملک بھر میں جمہوری و عوامی تحریکوں پر جاری ریاستی بربریت اور بالخصوص طلبہ رہنماؤں کی بڑھتی ہوئی جبری گمشدگیوں کے خلاف منظم ہوں۔
ترجمان نے مزید کہا ہے کہ بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن ساتھی تنظیم جمو و کشمیر نیشنل اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے نیز مجیب اکبر سمیت تمام جبری گمشدگان کی باحفاظت بازیابی تک مشترکہ جدو جہد کا اعادہ کرتی ہے ۔



