بی ایس او وڈھ زون کی جانب سے شہید فدا بلوچ کے اٹھتیسویں یومِ شہادت کے موقع پر تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا

‎‎‎بی ایس او وڈھ زون کے زیرِ اہتمام دو مئی کو شہیدِ وطن کامریڈ فدا بلوچ کی یاد میں تعزیتی ریفرنس کا اہتمام کیا گیا، جس میں اُن کے فکر و فلسفہ، راجی جدوجہد اور بلوچ قوم کے روشن مستقبل کے لیے دی گئی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔  دوستوں نے شمعیں روشن کر کے اور پھول نچھاور کر کے شہید کو خراج عقیدت پیش کیا۔

‎‎پروگرام کا باقاعدہ آغاز بلوچ قومی ترانے سے ہوا، جسے ساتھیوں نے اپنی خوبصورت آواز میں پیش کیا۔

‎‎ساتھیوں نے فدا بلوچ کی فکر و جدوجہد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ وہ ایک باشعور اور نظریاتی کامریڈ تھے، جنہوں نے اپنے طالب علمی کے دور میں بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے پلیٹ فارم سے سیاست کا آغاز کیا۔ یہ وہ وقت تھا جب بھٹو حکومت بلوچستان میں سخت گیر پالیسیوں پر عمل پیرا تھی۔ اپنی صلاحیتوں اور راجی شعور کے باعث وہ بہت کم عرصے میں بلوچ قوم کی آواز بن گئے۔ انہوں نے بلوچ قوم کے لیے بے شمار قربانیاں دیں، جنہیں تاریخ سنہری الفاظ میں یاد رکھے گی۔

‎‎دو مئی بلوچ قومی تحریک کا ایک المناک دن ہے، جب کامریڈ فدا بلوچ کو تربت میں ان کی کتابوں کی دکان پر بے دردی سے گولی مار کر شہید کر دیا گیا۔ اُن کی دکان میں موجود کتابیں، جو سنگت کے لہو سے رنگین ہو گئیں، آج بھی ہمارے لیے رہنمائی کا ذریعہ ہیں۔ فدا بلوچ کا نظریہ آج بھی زندہ ہے اور بلوچ قومی تحریک کی رہنمائی کر رہا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم سب متحد ہو کر اُن کے نظریے کو منزل تک پہنچائیں، جس کے لیے بلوچ نوجوان ہر ممکن قربانی دینے کو تیار ہیں۔

‎‎پروگرام کا اختتام کامریڈ فدا بلوچ کی یاد میں اشعار اور انقلابی گیتوں کے ساتھ ہوا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *