بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن وڈھ زون کی جانب سے 14 اپریل 2026 کو وڈھ میں زونل جنرل باڈی اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت بی ایس او کے مرکزی چیئرمین جیئند بلوچ نے کی۔
اجلاس کے مہمانِ خاص بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے مرکزی سینئر وائس چیئرمین سنگت شیرباز بلوچ تھے۔اجلاس میں تعارفی نشست، بین الاقوامی
تناظر، بلوچستان کی موجودہ صورتحال، تنظیم ، تنقید برائے تعمیر اور آئندہ کے لائحہ عمل جیسے اہم ایجنڈوں پر تفصیلی بحث کی گئی۔ اجلاس کے اختتام پر چیئرمین کے اختتامی کلمات بھی شامل تھے۔
اجلاس کا باقاعدہ آغاز دنیا بھر کے مظلوم اقوام، بالخصوص شہدائے بلوچستان کی یاد میں دو منٹ کی خاموشی اختیار کرکے کیا گیا۔
دوستوں نے مختلف ایجنڈوں پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت دنیا بھر میں جنگی صورتحال برقرار ہے، جس میں عالمی سرمایہ دار طبقہ منافع خوری میں مصروف ہے۔ سامراجی قوتیں محکوم اقوام کے وسائل اور ساحل پر تیزی سے قبضہ جما رہی ہیں۔ عالمی سطح پر پیدا کیے گئے بحرانوں کے باعث مظلوم عوام کے استحصال میں اضافہ ہو رہا ہے۔ عالمی منڈیوں پر سامراجی کنٹرول نے صورتحال کو مزید گھمبیر بنا دیا ہے، اور سامراجی طاقتیں انسانیت سے عاری ہو چکی ہیں۔
علاقائی صورتحال پر بات کرتے ہوئے دوستوں نے کہا کہ بلوچستان میں ریاست بلوچ تحریک کو کمزور کرنے کے لیے مختلف ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے، جن میں جبری گمشدگیاں، جعلی مقابلے اور عام شہریوں پر بمباری شامل ہیں۔ ان اقدامات سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ بلوچ نسل کشی کے لیے مختلف حربے اپنائے جا رہے ہیں۔ آئے روز بلوچ نوجوانوں کو قتل کرکے ویران علاقوں میں پھینک دیا جاتا ہے، جبکہ بلوچ طلباء کو بھی جبری گمشدگی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
تنظیمی امور پر گفتگو کرتے ہوئے ساتھیوں نے کہا کہ تنظیم مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرتی ہے، جہاں وہ مشترکہ نظریے کے تحت جدوجہد کرتے ہیں۔ بلوچستان میں ماضی میں کئی تنظیمیں وجود میں آئیں اور ختم ہو گئیں، مگر ان کا نظریہ برقرار رہا۔ انجمن اتحاد بلوچان سے لے کر موجودہ تنظیموں تک، یہ تنظیمیں جبر اور بربریت کے باعث کمزور تو ہو ئے، لیکن اپنے نظریے سے کبھی دستبردار نہیں ہوئے۔
تنقید برائے تعمیر کے سیشن میں ساتھیوں نے ماضی میں ہونے والے غلطیوں کو ظاہر کیا جنہیں درست کرنے کے لئے اقدامات کیئے جائیں گے ۔
چیئرمین نے اپنے اختتامی کلمات میں تنظیم کو مزید منظم اور فعال بنانے پر زور دیا۔
آئندہ کے لائحہ عمل کے تحت بی ایس او وڈھ زون کی جنرل باڈی تشکیل دی گئی جس میں۔
زونل صدر: قدیر بلوچ
سینئر نائب صدر: نعمت اللہ بلوچ
جونیئر نائب صدر: فرحان بلوچ
جنرل سیکریٹری: سنگت منظور بلوچ
سینئر جوائنٹ سیکریٹری: سنگت سمیع بلوچ
جونیئر جوائنٹ سیکریٹری: سنگت کفایت بلوچ
پریس سیکریٹری: سنگت نور بلوچ منتخب ہوئے
آخر میں چیئرمین جیئند بلوچ نے نومنتخب عہدیداران سے حلف لیا۔


