بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن نال زونکی جانب سے بمورخہ (۱۰/۲/۲۰۲۶ ) کو نال میں سینئر باڈی اجلاس زیرِ صدارت مرکزی چیئرمن بی ایس او جیئند بلوچ اور اعزازی مہمان بی ایس او کے مرکزی سینئر وائس چیئرمین شیرباز بلوچ منعقد ہوا ۔
اجلاس میں تعرفی نشست، علاقائی و عالمی سیاسی صورتحال، تنظیم اور آئندہ کا لائحہ عمل کے ایجنڈے زیرِ بحث رہے۔
حسبِ روایات اجلاس کا آغاز دنیا بھر کے محکوم اقوام اور بالخصوص شہداءِ بلوچستان کی یاد میں دو منٹ کی خاموشی سے کیا گیا۔
ساتھیوں نے بات رکھتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں بڑی تیزی کے ساتھ غیر معمولی تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں، مسلسل سامراجی جنگوں کے نتیجے میں عالمی سرمایہ دارانہ نظام معاشی، سیاسی، ثقافتی اور اخلاقی بحرانوں سے دو چار ہے اور اس غیر یقینی صورتحال میں اپنی ساکھ اور اعتماد کھو چکی ہے، سامراجی طاقتیں اپنی مفادات کی تسکین کے لیے براہِ راست جنگی عمل کا حصہ بن رہی ہیں، زیادہ سے زیادہ منڈیوں کی فطری ضروریات کی بھاگ ڈور نے انہیں مکمل طور پر حواس باختگی کا شکار کر رکھا ہے طاقت کے نشے میں دھت ان نو دولتیا کو نہ انسانی جانوں کی فکر ہے اور نہ ہی ماحولیاتی تباہی سے کوئی غرض ہے، جنگی جارحیت کے ذریعے خود کو ریلیوینٹ رکھنے والی قوتیں عالمِ انسانیت کے لیے شدید خطرہ بن چکی ہیں، ایسے خوفناک حالات میں مظلوم طبقات اور محکوم اقوام ہی قربانی کا بکرا بنتی ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ایسی انتشار اور ہیجان کی کیفیت میں محکوم اقوام کی سیاسی قیادت کو متحد ہوکر قوم کی تعمیر کے مراحل طے کرنے چاھیئے اور تنظیم سازی کے عمل میں تیزی لانی ہوگی تاکہ ہم ان عوامل کو منظم کر سکیں جو ایسی ہولناک بحرانوں سے نبردآزما ہونے کیلئے ہماری حوصلہ افزائی کا باعث سکیں۔
ساتھیوں نے کہا کہ بلوچستان بھر میں ریاست اپنی جارحیت سے بلوچ قوم کی منظم نسل کشی میں مصروف ہے، کوئی ایسا گھر نہیں جو اس درندگی سے محفوظ ہے، جبری گمشدگیوں، ماورائے عدالت قتل، ٹارگیٹ کلنگز میں روز بروز تیزی لائی جارہی ہے، ان حالات کے پیشِ نظر بلوچ سیاسی جماعتوں اور طلباء تنظیموں کو چاھیئے کہ وہ اتحاد و یکمشتی کی جانب بڑھیں، مشترکہ اور منظم حکمت عملیوں کی جانب پیش قدمی کریں اور ان جنگی کیفیات میں قوم کیلئے مواقع تلاش کریں، قومی اکھٹ، قومی فکر اور تنظیمی ڈھانچوں کی تشکیل کی جانب بڑھیں۔
آئیندہ کے لائحہ عمل میں بی ایس او نال زون کی آرگنائزنگ باڈی تشکیل دی گئی جس میں تہذیب بلوچ آرگنائزر، زبیر بلوچ ڈپٹی آرگنائزر اور ڈاکٹر بلوچ پریس سیکرٹری منتخب ہوئے، آخر میں بی ایس او کے مرکزی چیئرمین جیئند بلوچ نے آرگنائزنگ باڈی کے نو منتخب ساتھیوں سے حلف لیا ۔

